ایمنسٹی اسکیم کالا دھن سفید کرنے کیلئے ہے ،عمران
حیدر آباد... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت آئے تو فائدہ اٹھانے والوں کی تحقیقات کریں گے ۔ کالے دھن کو سفید کرنے کے لئے ا یمنسٹی اسکیم لائی جاتی ہے۔ حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم ان لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے جو باقاعدگی سے ٹیکس دیتے ہیں۔ کرپشن کی حوصلہ افزائی کرنے کے مخالف ہیں ۔یہ ایسا ہے جیسا کہ چوری کرو ، ٹیکس نہ دو اور پھر ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے کالے دھن کو سفید کرو ۔ انہوں نے کہا کہ قندوز میں امریکی حملے میں 100 سے زائد بچے شہید ہوئے ۔ امریکہ اس طرح کے حملے کر کے آرام سے بیٹھ جاتا ہے ۔ردعمل میں افغانستان اور پاکستان کے شہری مارے جاتے ہیں ۔باجوڑ کے علاقے ڈمہ ڈولہ میں بھی امریکی حملے کے بعد پاکستانی فوج پر حملوں میں تیزی آئی تھی ۔انہوںنے کہا کہ صدر ٹرمپ بھی مودی کے نقش قدم پر چل پڑے ۔ کشمیر میں ہندوستانی فوج کی ظلم و ستم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نریندر مودی پہلے بھی گجرات میں قتل و عام کر چکے ہیں۔نریندر مودی کی مخالف پالیسیاں اب ہندوستان اور کشمیر میں کھل کر نظر آ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سارے فنڈز ایک آدمی خرچ کرتا ہے جو شہباز شریف ہے ۔ اس کے بیٹے سارے ٹھیکے لیتے ہیں ۔ سندھ میں زرداری اور ان کی بہن سمیت ان دیگر لوگ بھی پیسہ بنا رہے ہیں ۔ لوگ اب ان سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر چکے ۔دریں اثناءخواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ نائیجریا سے بھی پیچھے ہے۔ چھوٹا سا طبقہ سندھ میں خون چوس رہا ہے ۔جب تک خواتین اور نوجوان آگے نہیں آئیں گے۔ تبدیلی نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سب سے زیادہ دھاندلی خواتین کے پولنگ اسٹیشنوں پر ہوتی ہے۔اسے روکنے کے لئے اقدامات کرنا ہونگے۔