مقبوضہ بیت المقدس ..... فلسطین میں 2017ءمیں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 15 فلسطینی بچے شہید ہوئے۔ فلسطین کے شماریاتی مرکز کی فلسطینی بچوں کے دن کی مناسبت سے شائع کردہ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 2017 ءمیں 9 سے 17 سال تک کی عمر کے 15 بچوں کو اسرائیلی فورسز نے شہید کیا اور ایک ہزار 467 بچوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ 2018ء کے جنوری اور فروری میں بھی 6 فلسطینی بچے شہید کردئیے گئے جبکہ 350 بچے اسرائیلی جیلوں میں بند ہیں۔ واضح رہے کہ مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے، مشرقی بیت المقدس اور زیر محاصرہ غزہ میں مقیم فلسطینی بچوں کے حقوق کو عالمی ایجنڈے پر لانے کےلئے ہر سال 5 اپریل کو فلسطینی بچوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور مختلف سرگرمیوں اور تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔