وزارت دفاع کی ویب سائٹ ہیک
نئی دہلی۔۔۔۔وزارت دفاع کی ویب سائٹ کو کسی نے ہیک کرلیا۔ ویب سائٹ کے ہوم پیج پر چینی زبان میں تحریریں نظرآرہی ہیں۔ اس کی اطلاع وزیر دفاع کے ٹویٹر پر دی گئی۔ ویب سائٹ ہیک کرنے والے گروپ کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ وزیر دفاع سیتا رمن نے امید ظاہر کی کہ ویب سائٹ کوجلد ہیکروں سے آزاد کرالیا جائیگا اور مستقبل میں ہیکنگ اور دیگر مشکلات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ہیکنگ کرنے والوں کے بارے میں ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکاکہ کون سے گروپ نے یہ حرکت کی تاہم ویب سائٹ پر چینی زبان میں جو لفظ لکھا ہوا نظر آرہا ہے، اس کا مطلب ’’ہوم ‘‘بتایا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ پر چینی لفظ دکھائی دینا اس بات کا اشارہ ہے کہ چینی ہیکرز اس میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ نیشنل انفارمیشن سینٹر وزارت دفاع کی ویب سائٹ کی دیکھ بھال کا کام انجام دیتا ہے جو اسے بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔