سلمان جیل سے رہائی کے بعد گھر پہنچ گئے،مداحوں کاشکریہ ادا کیا
ممبئی۔۔۔۔جودھپور سینٹرل جیل سے رہائی کے بعد بالی وڈ کے ممتاز اداکار سلمان خان ہفتے کی رات 8-30بجے ممبئی واقع اپنے مکان پہنچ گئے۔
ممبئی میں ان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر انہیں ایک جھلک دیکھنے کیلئے مداحوں کا سیلاب امڈ پڑا ۔ مداحوں نے رہائی کی خوشی میں گھر کے باہرآتش بازی کی ۔
سلمان نے مداحوں کو ناامید نہیں کیا اورمکان کی گیلری میں آکرہاتھ ہلاکر پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں گھر لوٹ جانے کی اپیل کی۔سلمان خان جیل سے رہاہونے کے بعدسیکیورٹی فورس کے حصار میں ایئرپورٹ پہنچے ۔
وہ کار کی اگلی نشست پر بیٹھے ہوئے تھے ۔ ان کے چاہنے والوں کا ہجوم کار کے پیچھے کافی دور تک گیا اور بعد ازاں حفاظتی دستوں کی کاروں کے بیچ ان کی کار ایئر پورٹ کیلئے روانہ ہوگئی۔واضح ہو کہ سلمان خان کو جودھ پور سیشن عدالت نے ضمانت دیتے وقت یہ شرط عائد کی کہ انہیں ملک سے باہر جاتے وقت عدالت کو مطلع کرنا ہوگا۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 7مئی کو ہوگی۔ اس وقت سلمان خان کو جودھپور سیشن عدالت میں حاضر ہونا ہوگا۔
سلمان کی رہائی پر بالی ووڈ میں خوشی کی لہر
اداکار سلمان خان کی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد رہائی پر ان کے مداحوں، دوستوں اور خیرخواہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ سلمان کی آنے والی فلم ’’ریس 3‘‘ کے ہدایت کاریمو ڈیسوزا نے بتایا کہ مجھے ان کی ضمانت ملنے پر انتہائی خوشی ہوئی۔ سلمان کے ساتھ کام کرنے کے بعد اداکار کے طور پر ہی ان کا مداح نہیں بلکہ ایک مثالی انسان کے طور پر بھی ان کا قائل ہوں۔انہوں نے کہا کہ فلم ریس 3کی تقریباً 90فیصد شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے بقیہ شوٹنگ ہندوستان میں ہی کی جائیگی۔فلم ’’ریس 3‘‘ کے پروڈیوسر رمیش طورانی نے کہا کہ سلمان کے جیل سے آنے بیحد خوشی ہوئی۔ ’’دبنگ ‘‘فلم میں سلمان کے ساتھ کام کرنیوالے سونو نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ اچھا کام سب سے بڑی بات ہوتی ہے۔ سلمان بھائی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔گلوکار عدنان سمیع نے کہا کہ سلمان بھائی کے جیل سے باہر آنے سے خوش ہوں ۔