Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی پولیس کو 65000 انسانی اسمگلروں کی تلاش

برسلز ..... یورپی یونین کی پولیس ایجنسی”یورو پول“دنیا بھر سے انسانوں کو یورپ اسمگل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث 65ہزار سے زائد افراد کی نشاندہی اور ان کی تلاش کی کوششوں میں ہے۔یورو پول کے مطابق 2015 میں جب مہاجرین کا بحران عروج پر تھا اور لاکھوں انسان بحیرہ روم عبور کر کے یورپ پہنچنے تھے، اُس وقت کے مقابلے میں اب مہاجرین کی تعداد میں تو کمی آئی ہے لیکن انسانوں کے اسمگلروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔یورو پول کے مہاجرین کی اسمگلنگ سے متعلق خصوصی سیل کے سربراہ روبرٹ کریپینکو نے ہیگ میں بتایاکہ گزشتہ برس کے اختتام تک ہمارے ڈیٹا بیس میں65 ہزار اسمگلروں کا ریکارڈ جمع ہو چکا تھا۔ستمبر 2015 میں یورو پول کے پاس 30 ہزار انسانوں کے مشتبہ اسمگلروں کا ریکارڈ تھا جو کہ 2016 کے اختتام تک بڑھ کر55 ہزار تک پہنچ گیا تھا۔ 2017 کے دوران مزید 10 ہزار مشتبہ اسمگلروں کی نشاندہی ہوئی تھی اور ان کے نام بھی اس ریکارڈ میں شامل کر لئے گئے تھے۔ان اعداد و شمار کے مطابق انسانوں کی اسمگلنگ کرنے والے مشتبہ افراد میں سے 63 فیصد یورپی ممالک کے شہری ہیں اور ان میں سے بھی 45 فیصد مشتبہ اسمگلروں کا تعلق بلقان کی ریاستوں سے ہے۔

شیئر: