سانحہ ماڈل ٹاون ،متاثرین کو انصاف میں تاخیر کا نوٹس
لاہور.... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے سانحہ ماڈل ٹاون کے متاثرین کو انصاف میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے انصاف کی تاخیر کی وجوہ اور د یگر تفصیلات طلب کرلیں۔ سانحہ ماڈل ٹاون کے متاثرین نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر پر امن احتجاج کیا ۔چیف جسٹس لاہور رجسٹری پہنچے تو متاثرین اپنی فریاد لے کر آگے بڑھے۔ چیف جسٹس نے متاثرین میں سے کچھ کو ملاقات کے لئے بلا لیا۔ متاثرین نے کیس کی سست روی اور تاخیر کی شکایت کی ۔ دریں اثناء چیف جسٹس نے قائداعظم سولر پاور پلانٹ اور پاور کمپنیوں پربھی ازخود نوٹس لیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے منصوبے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ۔چیف جسٹس نے قائداعظم سولر پاور پلانٹ پر آنے والی لاگت، بجلی کی پیداوار اور اخراجات کی مکمل تفصیل عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے پاور کمپنیوں کی کارکردگی اور اخراجات کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کئے ۔