ریاض.... وزارت تجارت و سرمایہ کاری بورڈ نے معروف برانڈ کی گارمنٹس میں جعل سازی کرنےوالے ادارے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کر دیا ۔ الریاض اخبار کے مطابق وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی کمیٹی کو اطلاع ملی تھی کہ ریڈی میٹ گارمنٹس فروخت کرنے والی ایک کمپنی معروف برانڈ کی مصنوعات پر جعلی لیبل لگاکر ان مارکیٹنگ کرتی ہے ۔ اطلاع ملنے پر وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی ٹیموںنے تفتیش کی توانکشاف ہوا کہ کمپنی کے ذمہ دارعالمی برانڈ کی مصنوعات کے لیبل اپنی مصنوعات پر چسپاں کرنے کے بعد انہیں مشہور برانڈ ظاہر کرتے ہوئے فروخت کرتی ہے ۔ تفتیشی کمیٹی کا کہنا ہے کہ جس برانڈ کے جعلی لیبل لگائے جاتے تھے وہ وزارت تجارت میں رجسٹرڈ تھے جن کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ۔ مذکورہ شوروم سے 800 سے زائد جعلی لیبل لگے ہوئے ملبوسات برآمد ہوئے ۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی کمیٹی نے جعل سازی ثابت ہونے پر مقدمہ درج کر کے عدالت کے سپرد کر دیا جہاں سے قانون کی شق 43 کے مطابق فیصلہ صادر کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ دکان کے مالک پر ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جائے علاوہ ازیں جعل سازی کرنے پر دکان کے بارے میں اخبارات میں اشتہار شائع کیاجائے جس میںدکان کا نام اور دیگر تفصیلات موجود ہوں ۔ واضح رہے تجارتی جعل سازی پر وزارت تجارت کی جانب سے سخت سزا دی جاتی ہے ۔