قاہرہ ... دریا میں گرنے والی کم سن بچی کو بچا نے کے بعد خاندان کے 3 افراد دریائے نیل کی نذر ہو گئے ۔ بچی اپنے گھر والوں کے ساتھ تفریح کےلئے دریاکے کنارے بیٹھی تھی کہ اچانک اسکا پاﺅں پھسلا اور دریا میں جاگری ۔ تفصیلات کے مطابق مصر میں لوگ موسم بہار کے میلے کے دوران تفریح کی غرض سے دریائے نیل کے کنارے جمع تھے کہ اچانک ایک کم سن بچی کھیلتی ہوئی دریائے نیل میں گرگئی ۔بچی کو گرتے دیکھ کر وہاں بیٹھا ہوا 40 سالہ اسکول ٹیچر فورا بچی کو بچانے کےلئے دریا میں کود گیا ۔محمد عبدالموجود نامی اسکول ٹیچر نے بچی کو دریاکی موجوں سے نکال کر بحفاظت کنارے پر موجود اسکے والدین کے حوالے کیا اسی دوران اسکا پاﺅں پھسل گیا ۔ عبدالموجود نیل کی تیز لہروں پر قابونہ رکھ سکا اسے ڈوبتا دیکھ کر اسکا 16 سالہ بیٹا اپنے والد کو بچانے کے لئے دریا میں کودا مگر وہ اس تک نہ پہنچ سکا ۔ شوہر اور بیٹے کو نیل کی لہروں سے لڑتے دیکھ کر فائزہ صبحی نے بھی دریا میں چھلانگ لگا دی ۔ بعدازاں انکی نعشیں دریاسے برآمد ہوئیں ۔ اہل علاقے نے اس المناک واقعے پر اپنے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اس خاندان کی شجاعت کو سراہا ۔