Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دکن این آر آئی گروپ کے نائب صدر مرزا غیاث الدین کی وداعی تقریب

صدر محمد عبدالرزاق نے ممبرز کے متفقہ فیصلے کے بعد صدر نظام الدین فاروق نائب صدر منتخب کردیا
جدہ ( امین انصاری ) دکن این آر آئی گروپ کے نائب صدر مرزا غیاث الدین کی مملکت سے واپسی پر اراکین نے انہیں الوداعیہ دیا ۔ اس موقع پر دکن این آر آئی گروپ کا ماہانہ اجلاس صدر محمد عبدالرزاق کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس کی کاروائی انجینیئر محمد عبدالوہاب نے چلائی جبکہ محمد کلیم نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی ۔ صدر محمد عبدالرزاق نے اراکین کو بتایا کہ ہم وطن عزیز میںکینسر کے 4 مریضوںکے گھر والوں کو ہر ماہ راشن گزشتہ 4 سال سے دے رہے ہیں اسکے علاوہ دیگر بیواہ خواتین کے گھروں میں بھی ماہانہ راشن پہنچایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رمضان المبارک میں ہم نے 400 خاندانوں کو مہینے بھر کا فوڈ پیکیج دیا تھا اب آنے والے رمضان المبارک میں 600 خاندان کو راشن دینے کا ارادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ صرف ممبرز کے بھرپور تعاون کی بنا پر ممکن ہورہا ہے ۔ انہوں نے جدہ میں بھی سگنل پر افطار پیکٹ دینے کا اعلان کیا جس کے لئے مصروف شاہراہوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے ۔ صدر نے نائب صدر مرزا غیاث الدین کی مملکت سے واپسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ دبئی میں قیام کے دوران دکن این آر آئی گروپ کی برانچ اوپن کریں گے اور نوجوانوں کو لیکر اس کار خیر کو استحکام بخشیں گے ۔ انہوں نے نائب صدر کی ہونے والی خالی جگہ پر گروپ کے انتہائی متحرک اور فعال شخصیت نظام الدین المعروف فاروق کے نام کا اعلان کیا جسے اراکین نے متفقہ طورپر منظوری دی ۔نو منتخب نائب صدر نے کہا کہ اراکین نے جو توقعات مجھ سے وابستہ کی ہیں ان پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرونگا اور دکن این آر آئی گروپ کو سبھی کے تعاون سے بلندیوں کی طرف لے جانے کی ہر ممکن کوشش کرونگا ۔ سابق نائب صدر مرزا غیاث الدین نے کہا کہ جدہ میں رہتے ہوئے میں نے این آر آئی گروپ سے ملکر بہت کچھ سیکھا اور ملت اسلامیہ کی خدمت کرنے کا موقع ملا ۔ قوم و ملت کی خدمت کرکے انتہائی ذہنی سکون میسر ہوتا ہے اگرچیکہ میں یہاں سے جارہا ہوں مگر دبئی میں یقینا اس کی برانچ کا افتتاح کرکے وہاں کے نوجوانوں کو جوڑ کر دکن این آر آئی کے بینر تلے قوم و ملت کی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھونگا ۔ انہوں نے اس موقع پر یہاں کے ایک ایک فرد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا ۔ دکن این آر آئی گروپ کی جانب سے مرزا غیاث الدین کو یادگار مومنٹو اور گلدستہ پیش کیا گیا اور ممبرز نے ان کی خدمات کو سراہا ۔حامد علی اور راشد رزاق نے شرکاءکو پرتکلف عشائیہ دیا ۔

شیئر: