بائرن میونخ چھٹی مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں
جمعرات 12 اپریل 2018 3:00
میونخ:جرمن کلب بائرن میونخ ہسپانوی کلب سیویلا کے خلاف پہلے مرحلے کے میچ میں1-2کی برتری کی بنیاد پر گزشتہ7سال کے دوران چھٹی مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔گزشتہ روز میو نخ میں دونوں ٹیموں کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور یوں ہسپانوی کلب سیویلا لیگ سے باہر ہو گیا۔میزبان کلب کو میچ کے 77منٹ میں ایک اچھا موقع ملا تھا تاہم پولش فٹبالر رابرٹ لیوانڈوسکی اس پر گول نہ کرسکے ۔ میچ کے آخری مراحل کے دوران مہمان کلب کو اپنے ایک کھلاڑی سے محروم ہونا پڑا جب ایک سنگین فاول پر جوکن کورریا کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا گیا ۔میچ کے دوران مقابلہ تقریباً یکطرفہ رہا اگرچہ جرمن کلب گول نہیں کر سکا تاہم اس نے بہت کم مواقع پر ہسپانوی کلب کے فارورڈز کو اپنے گول تک پہنچنے کا موقع دیا ۔ بائرن میونخ کے معروف اسٹارز فرینک ریبری اور رابرٹ لیوانڈوسکی بھی زیادہ نمایاں نہ ہو سکے اور لیگ کے دیگر کوارٹر فائنلز کی نسبت یہ میچ غیر دلچسپ انداز میں اختتام کو پہنچا۔