چیمپیئنز لیگ کا تاریخی اپ سیٹ، بارسلونا لیگ سے آوٹ
روم: اطالوی فٹبال کلب اے ایس روما نے چیمپیئنز لیگ کی تاریخ کے بڑے اپ سیٹ کے دوران ٹائٹل کےلئے فیورٹ قرار دیئے جانے والے ہسپانوی کلب بارسلونا کو 0-3سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ یورپ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کی دوڑ سے بارسلونا باہر ہو گئی۔روما کی جانب سے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کے دوران بارسلونا میں کیا گیا گول ہی اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا سبب بنا جبکہ ہسپانوی کلب دوسرے مرحلے کے مقابلے میں روما کے ہوم گراونڈ پر کوئی گول نہیں کرسکا۔ بارسلونا کے عالمی شہرت یافتہ ارجنٹائنی فٹبالر اور کپتان لیونل میسی اور دیگر سپر اسٹار بھی ناکامی سے دوچار ہوئے ۔ پہلے مرحلے کے میچ میں4-1سے بارسلونا کی کامیابی کے بعد اس کے سیمی فائنل میں پہنچ جانے کی خبریں تھیں تاہم اطالوی کلب روما نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بازی پلٹ دی۔ روما کے ایڈن ڈیز میچ کے اصل ہیرو ثابت ہوئے۔ بارسلونا کی ٹیم کو بھی مواقع ملے لیکن بدقسمتی سے ان سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔2دن پہلے کیرئیر کی45ویں ہیٹ ٹرک کرنے والے لیونل میسی بھی توقعات پر پورا نہ اترے ۔