مودی نے خاموشی توڑی،کہا بیٹیوں کو انصاف مل کر رہیگا
نئی دہلی ۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ کٹھوعہ اور اناؤمیں اجتماعی زیادتی کے واقعہ سے پوراملک شرمسار ہے۔ اس نے انسانی قدروں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ہماری بیٹیوں کو ضرور انصاف ملے گا ۔انصاف دلانا ہماری ذمہ داری ہے ۔وزیر اعظم نئی دہلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں واقعات کو شرمناک قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بھی مجرم کو بخشا نہیں جائے گااور معاشرے میں پھیلی مختلف برائیوں کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ یوگی نے کہا کہ کسی بھی بد عنوان اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا ۔ اپنی پارٹی کے دبنگ رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ کا نام لئے بغیر کہا کہ کوئی بھی قصور وار چاہے جتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔