سخت فیصلہ ہے ،ایک آدھ سال کے لئے نااہلی ہو جاتی تو بہتر تھا، عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے کا یہی انجام ہونا چاہئے
ریاض(جاوید اقبال) سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر جس میں نواز شریف کو پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تاحیات نااہل قرار دے دیا گیا ہے سعودی دارالحکومت میں مقیم پاکبانوں نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے تا ہم اکثریت اس خیال کی حامی ہے کہ نواز شریف کو عدلیہ کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کر دینا چاہئے اور اداروں سے ٹکراﺅکی پالیسی اختیار کرنے سے احتراز کرنا چاہئے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) ریاض کے صدر رانا خالد اکرم نے کہا کہ عدلیہ کے اس یکطرفہ فیصلے کو عوام کی اکثریت کبھی قبول نہیں کرے گی۔ جسٹس ثاقب نثار چاہتے ہیں کہ نواز شریف کا نام پاکستانی سیاست سے منہا کر دیا جائے اور یہ کبھی نہیں ہوگا۔ شہباز شریف اور مریم نواز عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور جونہی ثاقب نثار عہدے سے فارغ ہوں گے نواز شریف کی واپسی ہو جائے گی۔ پی پی ریاض کے جنرل سیکرٹری وسیم ساجد نے کہا کہ نواز شریف کو عدالت کا فیصلہ مان کر فعال سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لینی چاہئے او رپس منظر میں بیٹھ کر نیلسن منڈیلا اور سونیا گاندھی کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث ریاض کے سید فیصل علوی نے اس فیصلے کو جوڈیشل مارشل لاءکی آمریت سے تشبیہ دی او رکہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی طرح نواز شریف کو بھی ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔ یہ پاکستانی تاریخ کا ایک شرمناک باب ہے۔ پی ایم ایل این ریاض کے سینیئر مشیر ڈاکٹر محمود احمد باجوہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو ایک شخصی خواہش کی تکمیل قرار دیا او رکہا کہ اس سے غیر ضروری بغض اور عناد کا اظہار ہوتا ہے۔پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض کے تاحیات چیئرمین ڈاکٹر ریاض جاوید خواجہ نے ساری صورتحال کو افسوسناک قرار دیا اور واضح کیا کہ اداروں اور سیاسی جماعتوں کا ٹکراﺅ ملک کےلئے نیک شگون ثابت نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں عوام کا انتخاب بہتر فیصلہ کرتا ہے۔ انڈس فورم ریاض کے صدر ذیشان قاضی نے کہا کہ وہ فیصلے کو درست مانتے ہیں۔ میاں صاحب نے بدعنوانی کا ارتکاب کیا ہے ا س لئے انہیں اب ا سکے لئے سزا بھگتنا ہو گی۔ مسئلہ بیٹے سے مشاہرہ لینے کا نہیں ، بیرون ملک جائیداد کی خریداری او رمنی لانڈرنگ کا ہے۔ انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے صدر سردار رزاق خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ثاقب نثار کانہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کا ہے۔ کوئی 12برس پہلے نواز شریف نے ملک میں جمعہ کی ہفتہ وار تعطیل ختم کر کے اتوار کو چھٹی کا دن قرار دیا تھا۔ آج جمعہ کے دن ہی قدرت نے ان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے اقتدار چھین لیا۔ پی پی ریاض کے سینیئر رہنما محمد اصغر قریشی نے فیصلے کو انصاف کے تقاضو ں کے مطابق قراد دیا او رکہا کہ جورہنما عوام کا حق غضب کرتا ہے اسے کسی بھی طرح معافی نہیں ملنی چاہئے۔ انسٹی ٹیوشن آف انجینیئر سعودی عربین سنٹر ریاض کے صدر سید مبشر حسین کرمانی نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق قرار دیا اور کہا کہ اب میاں صاحب اداروں سے ٹکراﺅ کا راستہ اختیار کریں گے جو ملک کےلئے ہر لحاظ سے ضرر رساں ثابت ہوگا۔