Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پختون عظیم روایات اور اعلیٰ اقدار کے مالک ہیں،ظہور احمد خان

ریاض میں عوامی نیشنل پارٹی کی تقریب میں ورکرز اور رہنماؤں کی شرکت، ربانی خان نے صدارت کی
* * * *
 ذکاء اللہ محسن۔۔ ریاض
ریاض میں عوامی نیشنل پارٹی شانگلہ کے زیر اہتمام تقریب منعقد کی گئی جس میں ورکرز اور قائدین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر اے این پی کے سینیئر رہنماظہور احمد خان کا کہنا تھا کہ پختون ایک عظیم روایات اور اعلیٰ اقدار کی مالک قوم ہے۔ ہم نے ہمیشہ پاکستان کی بہتری اور خوشحالی کیلئے کام کیا ہے اور اب بھی پاکستانی سیاست کے ذریعے عملی کام کر رہے ہیں۔ ہمارے لیڈر اسفند یارولی خان نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کو فروغ دیا اور ورکرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ سچ کا ساتھ دیں اور پارٹی کے اندر یا باہر جہاں خرابی دیکھیں تو اس کی نشاندہی لازمی کریں ـ۔
    پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی حکومت کے بارے میں ظہور خان کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جس طرح عمران خان اور پرویز خٹک نے صوبے کے مسائل کو نظر انداز کیا ہے ،اس سے صوبہ کئی سال پیچھے چلا گیا ہے۔پشاور میٹرو کا منصوبہ جہاں لوگوں کے لئے وبال جان بنا ہوا ہے وہیں روز اس کی لاگت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور منصوبہ ہے کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ دوسری طرف تعلیم و صحت کے محض دعوے کیے جاتے ہیں۔ آج بھی دیہی علاقوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ دوسری طرف فاٹا کے علاقے کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا جا رہا ہے اور اس علاقے کی عوام بنیادی سہولیات سے بھی محرو م ہیں اور ان علاقوں میں رہنے والا پختون پس کر رہ گیا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے حکومت پاکستان کو اعلیٰ سفارتی کوششوں کو بروئے کار لانا چاہئیے تاکہ دونوں برادر اسلامی ملک پہلے کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ قندوز واقعہ امریکی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کبھی امریکہ پاکستان سے جہاد کے نام پر افغانستان میں جنگ کرواتا ہے اور اب خود حافظ قرآن بچوں کو شہید کر رہا ہے۔ ہم امریکی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
    اس موقع پر تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ربانی خان نے قراداد پیش کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے، پختونوں کیخلاف سازشیں بند کی جائیں۔ آصف علی زرداری کہ جانب سے رائو انوار کے حق کے بیان پر شدید احتجاج اور نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔شانگلہ کے علاقے میں بننے والے ڈیم اور اس علاقے کی معدنیات میں سے رائلٹی دی جائے۔
     تقریب میں نعیم خان، آدم خان، شیر زمین، سجاد، زاہد شریف، انعام خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔    نظامت کے فرائض عبدالسلام خان نے ادا کیے جبکہ تلاوت قرآن پاک کی سعادت تاج ولی خان نے حاصل کی۔
مزید پڑھیں:- - - -ذو الفقار علی بھٹو یاد میں تقریب

شیئر: