کوپن ہیگن ..... سر پر چوٹ لگنے سے ڈائمیشیا جیسی بیماری لگنے کے خطرات میں 24 فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے۔ یہ بات ڈنمارک کے محققین کی ایک نئی رپورٹ میں بتائی گئی ہے جس کےلئے تحقیق میں 30 لاکھ افراد کو شامل کیا گیا تھا۔ دماغ کو متاثر کرنے والے مختلف امراض کی وجہ سے مختلف علامات ظاہر ہوتی ہیں اور ان کے لئے مجموعی طور پر ڈائمیشیا کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ ڈائمیشیا میں مبتلا زیادہ تر افراد کی یادداشت انتہائی کمزور، قوت فیصلہ اور قوت استدلال ختم ہوجاتی ہے۔مشہور طبی جریدے لانسٹ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں ڈنمارک میں مریضوں کے نیشنل ڈیٹا سینٹر سے گزشتہ 36 برس کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا ہے۔ محققین کے مطابق جن افراد کو ماضی میں دماغی چوٹیں لگی تھیں، ان میں ڈائمیشیا کی بیماری کا خطرہ بڑھ گیا تھا۔