کیش بحران: اے ٹی ایم سے رقم نہ نکلنے پر عوام پریشان
نئی دہلی ۔۔۔۔۔ملک کی کئی ریاستوں میں نقدی کے بحران کا اعتراف حکومت نے بھی کر لیاہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ شیو پرتاپ شکلا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ2،3دن میں یہ بحران دور ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریزرو بینک ریاستوں میں پیسوں کی تقسیم کے مساواتی عمل کو درست کررہا ہے۔ ایک ریاست سے دوسری ریاست میں پیسوں کی ترسیل میں کوئی کمی نہیں ۔ حالات نوٹ بندی جیسے نہیں ہونگے اور جلد ہی اس پر قابو پالیا جائیگا۔
وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ ملک میں نقدی کی فراہمی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔مجموعی طور پر جتنی رقم کی ضرورت ہے ہمارے پاس اس سے زیادہ موجود ہے۔ بعض علاقوں میں پریشانیاں ہیں جنہیں جلد دورکردیا جائیگا۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ رمن سنگھ نے کہاکہ دیگر ریاستوں کی طرح یہاں بھی کیش کا بحران چل رہا ہے جسے جلد دور کرلیا جائیگا۔
نقدی بحران پر لوگوں کا غصہ پھوٹ پڑا۔اس کا اثر بہار، گجرات اور دیگر کئی ریاستوں کے بعد اب ملک کے مزید شہروں میں نظر آنے لگا ہے،لوگوں کو اے ٹی ایم سے کیش نکالنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آندھرا پردیش، کرناٹک، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، تلنگانہ، چھتیس گڑھ میں اے ٹی ایم سے روپے نہ نکلنے کی وجہ سے لوگ پریشانی سے دوچار ہیں جس کا رد عمل سوشل میڈیاپر ظاہر کررہے ہیں۔