کرس گیل کو لے کر آئی پی ایل کو بچا لیا
موہالی: کنگز الیون پنجاب کے مینٹور وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ انھوں نے انڈین پریمیئر لیگ کو بچا لیا ۔انھوں نے یہ بات ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل کی جانب سے آئی پی ایل میں پہلی سنچری بنانے کے بعد ٹویٹ میں کہی۔سہواگ نے اپنے انداز میں لکھا: 'میں نے ہنری گیل کو منتخب کر کے آئی پی ایل کو بچا لیا۔آئی پی ایل کے لیے تمام ٹیموں میں سے کسی نے بھی کرس گیل کو نہیں خریدا جبکہ کنگز الیون پنجاب نے بالکل آخر میں ان کی خدمات حاصل کیں۔گیل نے اپنے پہلے ہی میچ میں چنئی سپر کنگز کے خلاف نصف سنچری بنائی تو دوسرے میچ میں حیدرآباد کے خلاف سنچری بنائی جو آئی پی ایل کے رواں سیزن کی پہلی سنچری تھی۔یہ گیل کی آئی پی ایل میں مجموعی طور پر چھٹی سنچری تھی۔کرس گیل نے نئے انداز میں اپنی نصف سنچری اور سنچری کا جشن منایا۔ انھوں نے بیٹ کو دونوں ہاتھوں لے کر ایسے ہلایا جیسے کسی بچے کو گود میں رکھ کر ہلا رہے ہوں۔2011کے آئی پی ایل میں گیل کو کسی نے نہیں خریدا، پھر رائل چیلنجرز بنگلور نے متبادل کی جگہ لیا اور انھوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری ا سکور کی۔ 2018 میں انھیں کسی نے نہیں خریدا۔ پھر کنگز الیون پنجاب نے آخری مرحلے میں خریدا اور انھوں نے اپنے دوسرے میچ میں سنچری ا سکور کی۔ رائل چیلنجرز بنگلور نے انھیں چھوڑ کر بڑی غلطی کی ہے۔ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ 175 رنز بنانے کا ریکارڈ کرس گیل کے نام ہے۔ اس کے علاوہ گیل نے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ چھکے بھی مارے ہیں۔