ممبئی: بینک سے رقم نکالنے پہنچی’ ’لاش‘‘
ممبئی۔۔۔۔۔مہاراشٹرکے الہاس نگر میں قائم پنجاب نیشنل بینک کی شاخ میں لوگ اس وقت یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئےجب لاش لے کربعض لوگ کھاتے سے رقم نکلوانے پہنچے۔ بینک انتظامیہ سے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ مہلوک کے کھاتےمیں جمع شدہ رقم نکال کر انہیں دی جائے۔ذرائع کے مطابق گنیش کامبلے کوگزشتہ دنوں فالج حملے کے بعد اسپتال میں داخل کرایاگیا تھاجہاں بے ہوش ہونے کے سبب خاندان کے افراداس کے کھاتے سے رقم نکلونے سے قاصر رہے اسی دوران گنیش کی اسپتال میں موت ہو گئی۔ مہلوک کامبلے کی بہن نے بتایا کہ والدین کئی دنوں تک بینک کا چکر لگاتے رہے لیکن بینک اہلکاروں نے انہیں رقم دینے سے انکار کردیا،اسپتال میں داخل گنیش کامبلے کی تصویر بھی دکھائی لیکن ان کی کوئی بات نہیں سنی۔اہل خانہ نے بتایا کہ بینک ملازمین نے کہا تھا کہ کامبلے سے دستخط لینے کے لئے اسپتال آئیں گےلیکن وہ نہیں آئےبالآخرکامبلے کی موت کے بعد لاش لے کراس کے بینک کھاتے سے رقم نکلوانے کیلئے آنا پڑا۔