Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچوں کے رشتوں کی تلاش میں ہمنوا کا کردار قابل ستائش ہے، بیگم عذر ا شکور

تنظیم بلامعاوضہ خدمات پیش کرکے والدین کی معاونت کررہی ہے
ریاض(جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کی اہلیہ بیگم عذرا شکور نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم پاکستانی بچوں اور بچیوں کیلئے مناسب رشتوں کی تلاش میں معاونت ایک انتہائی اہم معاشرتی اور دینی فریضہ ہے جسے خواتین کی تنظیم ہمنوا قابل ستائش انداز میں بٹھا رہی ہے۔ وہ گزشتہ روز والدین کیلئے منعقدہ خصوصی اجلاس میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے ماوراءکے اس اقدام کو سراہا کہ اس نے ریاض، الخبر، جدہ اور دمام سے بچوں اور بچیوں کیلئے رشتوں کے متلاشی والدین کو اس خصوصی نشست میں مدعو کیا تھا۔ بیگم عذرا شکور نے کہا کہ ان کے ہموطنوں کی ایک بہت بڑی تعداد مملکت میں کئی عشروں سے مقیم ہے اور انہیں اپنے بچوں کیلئے جن کی ولادت یہیں ہوئی تھی ، مناسب رشتوں کی تلاش میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ ہمنوا نے بلامعاوضہ اپنی خدمات پیش کرکے انسان دوستی اور حب الوطنی کا ثبوت دیا تھا۔ تنظیم کی صدر بیگم بلقیس صفدر نے اپنے خطاب میں اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا کہ مملکت میں مقیم والدین کی خواہش یہی ہوتی ہے کہ ان کے بچے اور بچیاں اسی ماحول میں ان کے زیر نگرانی ہی اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کریں۔ انہوں نے تنظیم سیدات الریاض کی صدر ام ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔ تنظیم کی جنرل سیکریٹری شمائلہ شہباز نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اب تک تقریباً 90 بچوں اور بچیوں کے کوائف باہم کرکے ان کے پروفائل تیار کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمنوا کی سرپرست بیگم سفیر ہیں۔ پاکستانی بچوں اور بچیوں کے والدین معاونت کیلئے فیس بک پر ہمنوا کی ویب سائٹ کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں ۔ بیگم بلقیس صفدر اور بیگم تبسم شیخ پر مشتمل رضاکاروں کی ٹیم ان کی مدد کیلئے دستیاب ہوگی۔ 
 

شیئر: