جدہ.... جدہ محکمہ ٹریفک کے ترجمان رابغ کمشنری میں قدیم صعبر روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے کی مزید تفصیلات جاری کی ہیں۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کو ایک بجکر20منٹ پر ظہر کے وقت پیش آیا۔ ایک آئل ٹینکر، معتمرین کی بس اور کارمیں ٹکر ہوگئی۔ بس میں 17برطانوی معتمر سوار تھے۔ حادثے کے باعث آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جس سے پاکستانی ڈرائیور جل گیا۔ 4معتمر ہلاک ہوئے۔ 12معتمر زخمی ہوئے۔ بس کا ڈرائیور بھی زخمی ہونے والوں میں شامل ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کار کے سوڈانی ڈرائیور نے آئل ٹینکر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی تھی جس سے اس کی ٹکر مخالف سمت سے آنے والی بس سے ہوگئی۔ اس پر وہ اپنی لائن سے نکل کر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔ کار اور بس کے ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ دونوں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔