جامع عثمانیہ کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں نادر تصاویر کی نمائش
حیدرآباد -- - - -ملک کی پہلی اردو یونیورسٹی جامعہ عثمانیہ کی صدی تقاریب کے اختتام کے حصہ کے طورپر منعقدہ تصویری نمائش پر عوام کا بہتر ردعمل دیکھاجارہا ہے۔ ماس کمیونکیشن اینڈ جرنلزم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نادر تصاویر کو جمع کرتے ہوئے ان کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اس نمائش کی حوصلہ افزائی کی۔ اس نمائش کا آغاز 21اپریل کو ہوا جو 25اپریل تک جاری رہے گی۔ اس نمائش میں جامعہ عثمانیہ کے آرٹس کالج کی قدیم تصویر ، بانی جامعہ عثمانیہ و سابق ریاست حیدرآباد کے آخری فرمانروا آصف سابع نواب میر عثمان علی خان بہادر کی تصویر کے ساتھ ساتھ آرٹس کالج کے افتتاح کے موقع پر جاری کردہ دعوت نامے،یونیورسٹی کے تمام وائس چانسلرز کی تصاویر،دستور ہند کے معمار بی آرامبیڈکر کو جامعہ عثمانیہ کی جانب سے دی گئی ڈاکٹریٹ کی ڈگری کی تصویر بھی رکھی گئی ہے۔خواتین کے کالج، سائنس کالج، یونیورسٹی کے مختلف میوزیم اور ان کی اہمیت کو بھی ان تصاویر میں اجاگر کیا گیا ہے۔ اس نمائش میں250تصاویر کو رکھا گیا ہے۔اس میں جامعہ عثمانیہ کے آرٹس کالج کے سنگ بنیاد سے لے کر مختلف ادوار میں اس کے کارناموں کو اجاگر کیا گیا ہے۔