Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موبائل نمبر سے آدھار کو جوڑنے کاحکم کبھی نہیں دیا، سپریم کورٹ

نئی دہلی۔۔۔۔آدھار معاملے کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ موبائل نمبر سے آدھار کارڈ کو جوڑنے کا حکم کبھی بھی جاری نہیں کیا گیا۔ گزشتہ کافی دنوں سے بینکنگ سے لیکر دیگر تمام سیکٹرز کی جانب سے آدھار کوموبائل نمبر ز سے منسلک کرنے کیلئے صارفین پرزوردیئے جانے سے متعلق باتیں سامنے آئی ہیں۔عدالت عظمیٰ نے واضح کیا ہے کہ 6فروری 2017ء کوجاری کئے گئے فیصلے کی حکومت نے غلط تشریح کی ہے۔سپریم کورٹ نے موبائل فون کو آدھار سے منسلک کرنے کو لازمی قراردیئے جانے کے حکومتی فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ موبائل صارفین کی جانب سے فراہم کردہ ضروری معلومات کو کافی سمجھا گیا تھا۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی سربراہی میں قائم 5رکنی بنچ نے کہا کہ عوامی حکمت عملی فاؤنڈیشن کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلے میں کہا گیاتھا کہ موبائل صارفین کو قومی سلامتی کی خاطر تصدیق کی ضرورت ہے۔یہ بنچ آدھار کارڈ اور 2016کے قانون کو چیلنج کرنیوالی درخواستوں پر سماعت کررہی ہے۔ بنچ  میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اے کے سکری ، جسٹس اے این کھانیولکر ، جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ او ر جسٹس اے کے بھوشن شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - -وزیر اعظم کو مارنے کی آڈیو کلپ وائرل، ملزم گرفتار

شیئر: