سیاسی معاملات سیاسی فورم پر حل کرنے کا مشورہ
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
اسلام آباد... اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف نااہلی کیس کے فیصلے میں کہا ہے کہ عدالت کو منتحب نمائندوں کو نااہل کرنے کے لئے عدالتی اختیارات کا استعمال کرنا اچھا نہیں لگتا۔ سیاسی قوتوں کو اپنے تنازعات سیاسی فورم پر ہی حل کرنے چاہئیں۔ سیاسی معاملات عدالتوں میں آنے سے دیگر سائلین کاوقت ضائع ہوتا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کو اقامے پرتاحیات نااہل قرار دیا ہے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ خواجہ آصف کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا گیا۔ وہ 2013 کا الیکشن بھی نہیں لڑ سکتے تھے۔ عدالت نے رجسٹرار کو نااہلی کے فیصلے کی کاپی الیکشن کمیشن کو ارسال کرنے کا بھی حکم دیا۔تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے خواجہ آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کے لئے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھاکہ وزیر خارجہ دبئی کی ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازم ہیں۔کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کرتے ہوئے ملازمت ظاہر نہیں کی ۔غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص کیسے وزیرخارجہ کے اہم منصب پر فائز رہ سکتا ہے۔ دوران سماعت خواجہ آصف کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ خواجہ آصف دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر کام کرتے تھے۔خواجہ آصف نے دبئی کی کمپنی کا خط بھی عدالت میں پیش کیا تھا۔