شوری کونسل نے اپنے ہفتہ واری اجلاس میں باصلاحیت و ذہین افراد کے تحفظ پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے تحت باصلاحیت افراد کی معاونت کی جائے گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس چیئرمین شوری کونسل شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ذہین و باصلاحیت افراد کی معاونت اور ان کی ایجادات کو عملی شکل دینے کے لیے تیار کیے گئے پروگرام پر رائے لی گئی جسے متفقہ طور پر اراکین شوری نے منظور کیا۔

شوری اجلاس میں دیگر موضوعات بھی زیر بحث آئے جن میں وکلاء ضوابط کے حوالے سے پیش کی جانے والی بعض تبدیلیوں کو منظور کیا گیا۔
کونسل نے قومی مسابقتی مرکز کے مالی سال 1445 – 1446 ہجری کی سالانہ رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مملکت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
شوری کونسل نے مختلف ممالک اور اداروں کے ساتھ ہونے والے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی علاوہ ازیں آسٹریا کے ساتھ صنعت و معدنی وسائل کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کے مسودے کو بھی متفقہ طور پر منظور کیا۔