یوروپا لیگ:آرسنل، ایٹلیٹیکو میڈرڈ1-1سے برابر
لندن:یوروپا لیگ کے سیمی فائنل میں انگلش کلب آرسنل اور ہسپانوی کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے درمیان ہونے والا پہلا سیمی فائنل 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔الیگزینڈر لاکازیٹی کے گول نے آرسنل کو برتری دلا ئی تاہم انگلش کلب اسے برقرار نہ رکھ سکا اور اینٹون گریزمان کے گول نے مقابلہ برابر کردیا جس کے بعد کوئی ٹیم مزید گول نہ کرسکی اور اب فائنل تک پہنچنے والی ٹیم کا فیصلہ 4مئی کو ہونے والے دوسرے مرحلے کے میچ سے ہوگا۔آرسنل کی ٹیم کو ہوم گراونڈ پر واضح برتری حاصل کرنے کے جو مواقع ملے ان سے فائدہ نہ اٹھایا جاسکا اور رہی سہی کسر دفاعی لائن کے خراب کھیل نے پوری کردی ۔ کھیل کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا ۔ دوسرے ہاف کے دوسران 61ویں منٹ میں جیک ولشر نے ایک کراس لگا یا جس پر لاکازیٹی نے ہیڈ کے ذریعے گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔ پہلے ہاف کے دوران مہمان ٹیم کو ایک کھلاڑی سے محروم بھی ہونا پڑا جب سیم سلجیک کو ریفری نے دوسرا فاول کرنے پر میدان بدر کردیا ۔اس وقت صورتحال مزید دلچسپ ہو گئی جب ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے مینجر ڈیگو سائمنز کوبھی ریفری نے سائڈ لائن سے ہٹاکر اسٹینڈز میں بٹھا دیا ۔ ہسپانوی کلب دباو میں تھا لیکن اس کے کھلاڑیوں نے حوصلہ نہ ہارا اور میچ ختم ہونے سے10منٹ پہلے اینٹون گریزمان نے گول کرکے تماشائیوں کو خاموشی پر مجبور کردیا جو سمجھ رہے تھے کہ ان کی ٹیم جیت رہی ہے ۔اب فائنل تک معاملہ دوسرے مرحلے کے سیمی فائنل تک چلا گیا ہے ۔ اس وقت دونوں ٹیموں کی پوزیشن اسکور کے لحاظ سے برابر ہے تاہم ہسپانوی کلب کو دوسرے میچ میں ہوم گراونڈ اور کراوڈ کا اضافی فائدہ حاصل ہوگا۔