آر سی ایل الیون اور القصیم وائٹ کی فتح
ریاض کرکٹ لیگ کے زیر اہتمام انٹر سٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس میں سپر لیگ کے فائنل میچ میں آر سی ایل الیون نے القصیم گرین الیون کو ہرا کر فائنل میچ اپنے نام کر لیا ۔آر سی ایل پیٹرن الیون کا مقابلہ القصیم وائٹ سے ہوا جس میں القصیم فاتح قرار پائی۔ دونوں فائنل میچز میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔فائنل میچز کے آخر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں کے علاوہ ریاض کی اہم شخصیات کے ساتھ ریاض اور القصیم کی ٹیموں کے آرگنائزر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آر سی ایل کے نائب صدر حنیف بابر کا کہنا تھا کہ ان کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ کرکٹ کو بہتر انداز میں فروغ ملے اور آج ہم انٹر سٹی کرکٹ کے مقابلے کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں ،یہ یقیناکرکٹ کی فتح ہے۔تقریب میں القصیم کرکٹ لیگ کے عہدیداروں کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا جبکہ کمیونٹی کے سرکردہ افراد اور ریاض کرکٹ لیگ کے ممبران کی جانب سے القصیم اور ریاض کے کھلاڑیوں کو میڈل اور ٹرافیاں انعام میں دی گئیں، جس پر کھلاڑی پر جوش نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اس سے ہار اور جیت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئی لگن اور محنت سے آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار ہوتا ہے ۔ جس طرح ہمارے کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس سے کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا ۔ سعودی عرب کی حکومت نے کھیلنے کی اجازت دی ہوئی ہے اس سے بھی حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ سعودی حکومت سے اپیل ہے کہ وہ سعودی نوجوانوں کو بھی کرکٹ کے کھیل کی جانب راغب کرنے کے اقدامات کرے اس سے قومی ٹیم بنانے میں بھی آسانی ہوگی۔کرکٹ کا کھیل اب دنیا بھر میں تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔