یوپی بورڈ کے امتحان میں 150اسکولوں کے سبھی طلبہ فیل
آگرہ۔۔۔۔۔یوپی بورڈ کے زیر اہتمام 10ویں اور 12ویں کلاس کے نتائج کا اعلان گزشتہ روز ہوچکا ہے۔ نقل پر شکنجہ کسے جانے کی وجہ سے اس مرتبہ امتحان میں کامیاب ہونیوالے طلبہ کی تعداد گزشتہ عشروں کے مقابلےمیں کم رہی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس مرتبہ 150اسکولوں کے تمام طلبہ فیل ہوگئے۔ ان میں پرائیویٹ کے علاوہ سرکاری اسکول بھی شامل ہیں۔ 10ویں کلاس میں 98اسکولوں کے طلبہ فیل ہوئے جبکہ 12ویں کلاس کے 52اسکولوں کے طلبہ امتحان میں ناکام رہے۔غازی پور ضلع میں اس قسم کے اسکولوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی جہاں 17اسکولوں کا رزلٹ صفر رہا۔دوسرے نمبر پر ضلع آگرہ رہا جہاں کے 9اسکولوں کے تمام طلبہ فیل ہوگئے۔ علاوہ ازیں 237اسکولوں کے طلبہ کا رزلٹ 20فیصد سے کم رہا۔ مجموعی طورپر بورڈ کے امتحان میں 10ویں کلاس(ہائی اسکول) کا رزلٹ 75.7فیصد جبکہ 12ویں کلاس(انٹر میڈیٹ) کا رزلٹ 72.4فیصد رہا۔