چیمپیئنز لیگ: لیور پول 11سال بعد فائنل میں
روم: انگلش کلب لیورپول چیمپیئنز لیگ کے دوسرے مرحلے میں اطالوی کلب روما کے 2-4سے ہارنے کے باوجود پہلے مرحلے کی بڑی فتح کے نتیجے میں6-7کے مجموعی اسکور سے جیت کر11سال بعد فائنل میں پہنچ گیا۔ ہوم گراونڈ پر پہلے سیمی فائنل میں لیور پول نے روماکو 2-5سے شکست دی تھی ۔ دوسرے مرحلے کے میچ میں روما نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک مرحلے پر یہ محسوس ہو رہا تھا کہ روما کوارٹر فائنل میں بارسلونا کی طرح اب لیور پول کو بھی فائنل کی دوڑ سے باہر کردے گا لیکن ایسا نہ ہوسکا اور انگلش کلب شکست سے دوچار ہونے کے باوجود فائنل میں پہنچ گیاجہاں 26مئی کو اس کا مقابلہ دفاعی چیمپیئن ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ سے ہوگا۔لیور پول نے آخری مرتبہ 2005میں اطالوی کلب میلان کو شکست دے کر یہ ٹائٹل جیتا تھا ۔ لیور پول 5مرتبہ اس لیگ کا چیمپیئن اور2مرتبہ رنر اپ رہا ہے۔1985اور 2007میں اسے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اٹلی کے دارالحکومت میں ہونے والے اس میچ میں سعد یومانے اس وقت لیور پول کو برتری دلانے میں کامیاب ہوئے جب روما کے گول کیپر نے ایک غلطی کی جس کا فائدہ اٹھاکر سعدیو مانے ، نے گول کردیا۔ لیور پول کی بدقسمتی تھی کہ ان کے کھلاڑی جیمز ملنر نے صرف6منٹ بعد خود اپنے خلاف گول کرکے میچ برابر کردیا۔یہ برابری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور جیورجینو وجنلدم نے لیور پول کا دوسرا گول کرکے مقابلہ مہمان ٹیم کے حق میں کردیا۔ پہلا ہاف لیور پول کی برتری پر ختم ہوا تاہم دوسرے ہاف کے دوران روما نے ایڈن ڈیزکو کے گول کی مدد سے میچ پھر برابر کردیا ۔ لیور پول کا گول کیپر لورس کیریئس بال کو پکڑ نہیں پایا او ر ڈیزکو نے اس کا فائدہ اٹھانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔اس کے بعد میچ کے آخری منٹوں تک اسکور یہی رہا لیکن مقررہ وقت سے4منٹ پہلے ریڈجانینگولان اپنا پہلا گول کرکے مقابلہ2-3کردیا اور پھر انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں ملنے والی پنالٹی کک پر ایک گول کرکے اسکور2-4 کردیا۔