گڑگاؤں:3مقامات پرنماز جمعہ نہیں ہوئی،سیکٹر53 میں ہندوؤں کی سازش ناکام
نئی دہلی ۔۔۔۔نئی دہلی سے متصل گڑگاؤں میں وزیر آباد میدان کے سیکٹر 53میں 20 اپریل کو نمازِ جمعہ کے دوران رونما ہونیوالا تنازعہ اس ہفتہ بھی موضوعِ بحث بنارہا۔ گزشتہ ہفتہ سخت سیکیورٹی میں اس مقام پر نمازِ جمعہ اداکی گئی تھی لیکن اس ہفتہ نمازادا نہ کی جاسکی۔علاو ہ ازیں 2 دیگر مقامات سکندر پور میٹرو اسٹیشن اور اتل کٹاریا چوک پر بھی نمازِ جمعہ سے روک دیا گیا۔ ہندو شدت پسند تنظیموں کے ذریعہ گڑگاؤں کی فضا کو زہر آلود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے پیش نظر احتیاط کےطور پر3 مقامات پر نمازِ جمعہ ادانہیں کی گئی۔ ماحول خراب کرنے کے مقصد سے بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد جیسی تنظیموں کے افراد نے گڑگاؤں سیکٹر 53کے وزیر آباد میں آج صبح ہندووانہ رسمیں ادا کرنے کا بھی اعلان کیا تھا لیکن پولیس انتظامیہ نے انھیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ اس سلسلے میں محلے والوں نے شرپسندوں کو لگام لگانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شدت پسند تنظیموں نے گڑگاؤں کےتقریبا 25 مقامات پر نماز پر پابندی کی بات کی تھی لیکن سول سوسائٹی نے انتظامیہ سے بات چیت کر کے صرف 3 مقامات پراحتیاطا جمعہ کی نماز پڑھنے سے گریز کیا، بقیہ مقامات پر پولیس سیکیورٹی کے درمیان مسلمانوں نے نماز جمعہ ادا کی۔