خواتین انٹرنیشنل لائسنس کے بدلے سعودی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتی ہیں، البسامی
ریاض..... محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر میجر جنرل محمد البسامی نے اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ سے متعلق تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ بعض سعودی جامعات کے تعاون سے خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے والے ماڈل اسکول بھی شروع کر دیئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی سعودی اور غیر ملکی خواتین کیلئے 21سنٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں پہنچ کر وہ سعودی عرب میں منظور شدہ غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس پیش کر کے سعودی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتی ہیں۔ یہ سنٹر ریاض ، دمام ، الاحسائ، الجبیل، بریدہ، عنیزہ، حائل، تبوک، جدہ ، طائف، مکہ مکرمہ، مدینہ منوہ، ابھا ئ، عرعر، جیزان، نجران، الواحہ، القریات اور سکاکا میں قائم کئے گئے ہیں۔ البسامی نے انتباہ دیا کہ غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے حقیقی ہونے کا پتہ لگایا جائے گا اگر کسی کے پاس خارجی ڈرائیونگ لائسنس ہو گا اور اسے ڈرائیونگ نہیں آتی ہو گی تو ایسی صورت میں اس کی مہارت جانچنے کیلئے محکمہ ٹریفک بھیج دیا جائے گا۔ البسامی نے کہا کہ انٹرنیشنل یا غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کی جگہ سعودی لائسنس اسی صورت میں دیا جائے گا جبکہ خاتون کو ڈرائیونگ آتی ہوگی۔ البسامی نے بتایا کہ خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے والے اسکولوں کے اجازت نامے بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ڈرائیونگ لائسنس کی طلبگار خواتین کو ان کی استعداد کے مطابق اسکول میں داخلہ دیا جائے گا۔ ڈرائیونگ کا ابتدائی امتحان لے کر طے کیا جائے گا کہ کس کو کتنی مدت کی ٹریننگ حاصل کرنا ہو گی۔ اب تک خواتین کیلئے 5ڈرائیونگ اسکول کھولے جا چکے ہیں۔ یہ ریاض، جدہ ، دمام،مدینہ منورہ اور تبوک میں ہیں۔ مزید شہروں میں مزید اسکول کھولنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ البسامی نے بتایا کہ جو خواتین ڈرائیونگ لائسنس میں ماہر ہوں گی۔ انہیں 6گھنٹے کی ٹریننگ لینا ہو گی او رجو ڈرائیونگ کی ابجد سے ناواقف ہوں گی انہیں30گھنٹے کی ٹریننگ لینا ہو گی۔ ڈرائیونگ لائسنس کے سلسلے میں مرد و زن کے درمیان کو ئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ اس حوالے سے شاہی فرمان بہت واضح ہے۔