یمنی فوج نے مغربی ساحل کے اہم مقامات باغیوں سے آزاد کرالئے
صنعائ.... یمن کی فوج نے مغربی ساحلی محاذ اور تعز میں باغیوں کے خلاف آپریشن میں کئی اہم مقامات کو آزاد کروا لیا ہے۔ سرکاری فوج نے تعز کا کئی ماہ سے جاری محاصرہ توڑ کر شہر کی طرف پیش قدمی شروع کردی ہے۔تعز میں باغیوں کے خلاف جاری آپریشن میں یمن کے مقتول سابق صدر علی عبداللہ صالح کے صاحبزادے بریگیڈیئر طارق محمد صالح بھی پیش پیش ہیں۔ اس کے علاوہ عرب اتحادی فوج کی فضائی معاونت بھی حاصل ہے۔ یمن کی فوج نے گھمسان کی جنگ کے بعد مغربی ساحلی علاقے کی السود پہاڑیوں، الخزان الابیض، الشبکہ اور السنترال جیسے مقامات کو باغیوں سے آزاد کرالیا۔ لڑائی میں باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔