Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زیادہ معاوضے کیلئے بہت محنت کی،انڈین کرکٹر متھالی راج

جے پور:ہند کی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج تنخواہ کے طور پر ہندوستانی بورڈسے77ہزار ڈالر وصول کررہی ہیں اور اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ تنخواہ لینے والی خاتون کرکٹر ہیں۔ متھالی راج کو دنیا کی بہترین خاتون کرکٹرز میں نمایاں مقام حاصل ہے۔قبل ازیں انہیں بھی بورڈ باقی سب انٹرنیشنل کرکٹرز کی طرح ساڑھے22 ہزارڈالر دیتا تھا تاہم ان کی قیادت میں ٹیم کی حالیہ کامیابیوں کے بعد ان کے معاوضے میں اضافہ کیا گیا جس کے بعد وہ اس حوالے سے دنیا کی صف اول کی خاتون کرکٹر بن گئیں ہیں۔ متھالی کا کہنا ہے کہ یہاں تک پہنچنے کے لئے انہوں نے طویل سفر طے کیا ۔1999میں ہندوستانی ٹیم میں جب ان کا انتخاب ہوا تو ان کے پاس صرف ایک ہی عالمی معیار کا بیٹ تھا اور وہ پورا سیزن اسی بیٹ کے کھیلنے پر مجبور تھیں ۔اس کے بعد ان کے والد نے بھاری رقم خرچ کرکے ان کے لئے وہ کرکٹ کٹ خریدی جو انٹرنیشنل کرکٹرز استعمال کرتے ہیں۔ ابتد اء میں کوئی اسپانسر نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مالی مسائل کا سامنا رہتا تھا۔ متھالی نے بتایا کہ میں نے اس مقام تک پہنچنے کے لئے بہت محنت کی ہے اور خوشی ہے کہ یہ محنت میرے اور ملک کے کام آئی ۔ متھالی راج کو دنیا کی گنی چنی قابل بھروسہ بیٹرز میں شامل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا اب بھی جب وہ اپنے بے شمار بیٹس دیکھتی ہوں تو وہ وقت یاد آتا ہے جب ایک ہی بیٹ سے پورا سیزن کھیلنا ہوتا تھا اور ہر وقت فکر رہتی تھی کہ بیٹ خراب نہ ہو یا ٹوٹ نہ جائے ۔متھالی راج کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ہند کی واحد مرد یا خاتون کھلاڑی ہیں جنہیں 2ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہوا ۔ویمن انٹر نیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی متھالی راج ون ڈے کرکٹ میں 6ہزار رنز بناچکی ہیں جبکہ 7ون ڈے میں مسلسل نصف سنچریاں بنانے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں۔ ون ڈے میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔

شیئر: