دہلی: مکان میں ہولناک آتشزدگی،2بچے ہلاک
نئی دہلی۔۔۔۔دہلی کے آدرش نگر کے کیول پارک علاقے میں کانگریس رہنما انوراگ گرگ کے مکان میں ہولناک آگ لگ گئی۔اس حادثے میں 2بچوں کی موت ہوگئی جبکہ مکان کا سارا ساز و سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔اطلاع کے مطابق آگ شاٹ سرکٹ کے باعث لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا مکان آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔ انوراگ گرگ اپنے اہل و عیال کے ہمراہ مکان کی پہلی منزل پر رہائش پذیر ہیں جبکہ دوسری منزل پر چھوٹا بھائی رہ رہا ہے۔واقعہ کے وقت انوراگ کا چھوٹا بھائی کسی تقریب میں شرکت کیلئے گیا ہوا تھا ۔ آگ لگنے کے بعد اتنی افراتفری پھیلی کہ2 بچے اوپر کی منزل میں پھنس کر رہ گئے اور دم گھٹنے سے موت کے منہ میں چلے گئے۔فائربریگیڈ کی 10ٹیموں کے ہمراہ مقامی لوگوں نے بھی آگ بجھانے کی کارروائی میں مدد دی۔موقع پر پہنچی پولیس نے بچوں کی لاشیں قبضے میں لیکر واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ۔