Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے بعض ممالک کےلئے فیملی وزٹ ویزے کی فیس میں کمی کردی

فیس میں کمی کا نفاذ پاکستان کےلئے نہیں ، یورپی ممالک ، ہندوستان اور بعض عرب ممالک کےلئے 2 ہزار ریال کے بجائے 305 ریال فیس مقرر کر دی گئی ، ذرائع
جدہ (ارسلان ہاشمی ) سعودی عرب کی جانب سے ہندوستان سمیت بعض یورپی اور عرب ممالک کےلئے فیملی وزٹ ویزا فیس 2000 ریال سے کم کر کے 305 ریا ل کر دی گئی ۔پاکستان کےلئے فیملی ویزہ فیسوں میں کمی کرنے کی کوئی اطلاع ابھی تک موصول نہیں ہو ئی ۔ تفصیلات کے مطابق مملکت کےلئے فیملی ویزے کے اجراءکی فیس 2 ہزار ریال مقرر کی گئی تھی جو تمام ممالک کے لئے یکساں ہوتی تھی تاہم یکم مئی 2018 سے فیملی وزٹ ویزے کی فیسوں میں تبدیلی کی اطلاعات موصول ہوئیں اس حوالے سے مصدقہ ذرائع کے مطابق یورپی یونین ، اردن ، مصر اور ہندوستان کےلئے فیملی وزٹ ویزے کی فیس کم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کا نفاذ 2 مئی سے کیا جا چکا ہے ۔ اردونیوز نے اس بارے میں حیدرآباد دکن میں ایڈوینچر ٹریول ایجنسی کے ذمہ دار عبدالوحید سے رابطہ کیا جنہوں نے فیملی ویزے کی فیس میں کمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انہیں ویزا فیسوں میں کمی کے حوالے سے نیا شیڈول موصول ہوا ہے جس کا نفاذ یکم مئی سے کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل جو فیملی وزٹ ویزے اسٹمپ کئے گئے تھے ان کےلئے 2ہزار ریال فیس وصول کی گئی جبکہ 2 مئی سے ویزا فیس 305 سعودی ریال کے حساب سے وصو ل کی جارہی ہے ۔ عبدالوحید نے مزید بتایا کہ فیملی وزٹ ویزے کے لئے میڈیکل انشورنس کروانا بھی لازمی ہے جبکہ سعودی قانون کے مطابق ویلیوایڈٹ ٹیکس جو کہ 5 فیصد ہے فیس کے علاوہ ہے ۔ میڈیکل انشورنس کےلئے عمر کا تعین کیا گیا ہے جو میڈیکل انشورنس کی شرائط کے مطابق ہے ۔ہندوستان سے فیملی وزٹ پرمملکت جانے والے 10 برس عمر تک کے بچوں کےلئے 11500انڈین روپے (661 ریال ) جبکہ 10 سے 40 برس تک کے افراد کےلئے 11000 روپے اور 40 سے 80 برس تک کے مسافروں کےلئے 14000 انڈین روپے وصول کئے جاتے ہیں جن میں ویزے کی فیس ، میڈیکل انشورنس اور دفتری امور کے اخراجات کے علاوہ جی ایس ٹی اور 5 فیصد" واٹ" بھی شامل ہے۔ عبدالوحید نے مزید بتایا کہ قبل ازیں صرف ویزا فیس کی مد میں 2ہزار ریال جبکہ میڈیکل انشورنس کی مد میں 800 ریال علیحدہ وصول کئے جاتے تھے ۔ دوسری جانب پاکستان میں اعتماد ٹریول کے ذمہ دار نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان کےلئے سعودی عرب کی جانب سے فیملی وزٹ ویزوں کے بارے میں کسی قسم کی کمی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ گزشتہ روز بھی فیملی وزٹ ویزے جاری کئے گئے جن پر مقررہ 2 ہزار ریال ہی فیس وصول کی گئی ہے ۔ 
 
 
 

شیئر: