اسلام آباد میں اسٹیڈیم ہونا چاہئے، پی سی بی
اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں اسٹیڈیم کی ضرورت ہے، اگر عدالت اور ماحولیات کی ایجنسی مختص جگہ پر اسٹیڈیم کی تعمیر نہیں چاہتی تو کوئی اعتراض نہیں، جہاں متبادل جگہ ملے گی وہاں اسٹیڈیم تعمیر کر لیں گے۔اس سے قبل شکر پڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کیخلاف درخواست پرسپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیشنل پارک میں متاثرہ سائٹ کو اصل شکل میں بحال کرائیں گے، ہم کھیلوں کو سپورٹ کرتے ہیں اور اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم کی جگہ کیلئے پی سی بی کی مدد کریں گے۔ یاد رہے کہ عدالت نے 2 مئی کی سماعت میں اسٹیڈیم کی تعمیر اور درخت کاٹنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ سماعت کے دوران نجم سیٹھی نے عدالت کو بتایا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ 2008 ء میں شروع ہوا، ہم نیشنل پارک میں نہیں بلکہ اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ سی ڈی اے کی ذمہ داری تھی کہ وہ نیشنل پارک میں جگہ ہی نہ دیتے، اگر اسلام آباد اسٹیڈیم نیشنل پارک کا حصہ ثابت ہوا تو جگہ واپس کر دیں گے جس پر عدالت نے سی ڈی اے اسٹیڈیم سے اس حوالے سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ عدالت نے تعمیر روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں تک کیلئے ملتوی کر دی۔