مدینہ منورہ میں جعلی موبیل آئل اور پارٹس برآمد ، گودام سیل
مدینہ منورہ .... وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے گودام پر چھاپہ مارکر بڑی مقدار میں جعلی موبیل آئل اور دیگر اسپئیر پارٹس برآمد کر لئے۔گودام کو سربمہر کر دیا گیا ۔ المدینہ اخبار کے مطابق وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں کو اطلاع ملی تھی کہ شہر میں بڑی مقدار میں گاڑیوں کے جعلی پارٹس اور موبیل آئل فروخت کیاجارہا ہے جس پر کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ جعل سازوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ تفتیشی ٹیموں نے ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں غیر ملکی کارکن موجود تھے ۔ گودام میں اسٹور کئے گئے موبیل آئل ، فلٹر اور گاڑیوں کی بیٹریوں کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہو ا کہ تمام اشیاءجعلی ہیں جن پر معروف برانڈ کے اسٹیکرز چسپاں کئے گئے ہیں ۔ اس ضمن میں تفتیشی ٹیم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ گودام سے 22 ہزار سے زائد جعلی پارٹس اور دیگر اشیاءبرآمد ہوئیں ۔ گودام کو سیل کر کے مالک کے خلاف جعل سازی کامقدمہ دائر کر دیا گیا ۔