ایریزونا .... مقامی یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے زمانہ قدیم پر نظر ڈالنے کیلئے ایک انتہائی جدید اور خاص قسم کا گلوب تیار کرلیا ہے۔ جسکی مدد سے ہزاروں لاکھوں سال قبل کے واقعات کی جھلک بھی دیکھی جاسکتی ہے اور یہ بھی معلوم ہوسکتا ہے کہ آخر کس طرح یہ دنیا مختلف براعظموں اور ٹکڑوں میں بٹ گئی۔ اس گلوب کو تیار کرنے والوں نے اسے اینشن ارتھ گلوب (زمانہ قدیم کا زمینی نقشہ) کانام دیا ہے۔ اس گلوب کی مدد سے یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ کرہ ارض پر پودے کس طرح اگے اور وہ کونسا وقت تھا جب ڈائنو سار کی نسلیں دنیا سے نیست و نابود ہونے لگی تھیں۔ اس عجیب و غریب نقشے یا گلوب کی تیاری کا سہرا گوگل کے سابق انجینیئرکے سر ہے۔ جنہوں نے شمالی ایریزونا یونیورسٹی کے تحقیقی شعبے کے اعدادوشمار کو استعمال کرتے ہوئے اسے تیار کیا ہے اور اسکے ذریعے تقریباً60کروڑ سال تک کی تاریخ اور تاریخی حالات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ یہ انجینیئر آئن ویبسٹر کے نام سے جانے جاتے ہیں جو اب کیلیفورنیا کے ایک ڈیٹا بیس بینک میں آسٹرائڈ شعبے (شعبہ شہابیات) کے نگراں ہیں۔