پاکستان کپ: فیڈرل ایریا،خیبرپختونخوا کوہرا کر چیمپئین بن گیا
فیصل آباد : فیڈرل ایریا نے عثمان خان کی عمدہ بولنگ اور نوجوان بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت خیبر پختونخوا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فیصل آباد میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں ہونے والے فائنل میں فیڈرل ایریاز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے بولرز نے درست ثابت کر دیا۔اوپنرز خرم منظور اور شان مسعود نے خیبر پختونخوا کی ٹیم کو 60 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور شراکت کا خاتمہ رن آوٹ کی شکل میں ہوا جس کے نتیجے میں خرم 32 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ شان مسعود 52 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کا نشانہ بنے۔اس کے بعد کپتان محمد حفیظ کے سوا کوئی بھی بلے باز فیڈرل ایریا کی بولنگ کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 252 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، حفیظ نے 89 رنز بنائے۔جواب میں نوجوان بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت فیڈرل ایریاز نے 9 اوورز قبل ہی 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے چیمپیئن شپ کا اعزاز حاصل کر لیا۔فیڈرل ایریاز کی جانب سے رضا علی ڈار نے 49، آغا سلمان نے 60 اور سعد نسیم نے 51 رنز بنائے۔فیڈرل ایریا کے عثمان خان کو 3 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔گزشتہ میچ میں قومی ٹیم کے بلے باز صہیب مقصود بارش کے باعث گراونڈ میں پھسل کر گر گئے تھے اور کندھے پر زبردست کھچاو کے باعث انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے۔