سعودی عرب میں اِن ڈور اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
سعودی عرب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے پہلے اِن ڈور اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کر دیا گیا۔معروف اسپورٹس کمپنی’’ ارکان‘‘ کی جانب سے اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد اسپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں سعودی شہریوں کے علاوہ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ہندوستانی سفیر احمد جاوید تھے۔ اس موقع پر ارکان اسپورٹس کمپنی کے سی او محمد الدھبان نے کہا کہ سعودی عرب میں جہاں فٹ بال بڑے شوق سے کھیلا یا پسند کیا جاتا ہے وہیں پر غیر ملکی کرکٹ اور دیگر کھیلوں میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں اس لئے ہم نے کوشش کی ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو بہتر ماحول میں کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ محمد الدھبان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ہند میں کرکٹ کا جنون پایا جاتا ہے اور سعودی عرب میں بھی دونوں ممالک کے کھلاڑی بہتر پرفارمنس دے رہے ہیں۔ ہم نے ان کے کھیل کو بہتر بنانے اور نکھارنے کا اہتمام کیا ہے کیونکہ کرکٹ کیلئے ابھی تک کوئی ایسی اکیڈمی نہیں لہذا ان کا اسپورٹس کمپلیکس تمام تکنیکی سہولیات فراہم کرے گا جس سے کھلاڑی مستفید ہونگے۔ فیفا کے سعودی عرب میں سابق چیئرمین محمد النواسر کا کہنا تھا کہ انہیں ارکان اسپورٹس کی کاوش نے بہت متاثر کیا کیونکہ انہوں نے ایک ایسا اسپورٹس کمپلیکس تیار کیا ہے جس میں تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ سفیر ہند احمد جاوید کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک جنون کا نام ہے اور ہند اور سعودی عرب میں ہندوستانی لڑکے اپنے کھیل کو بہتر انداز میں پیش کر رہے ۔ ارکان اسپورٹس جیسے ادارے جس طرح کام کر رہے ہیں اس سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ سعودی کرکٹ سینٹر کے سی ایاو ندیم ندوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں کرکٹ گزشتہ40 سال سے کھیلی جا رہی ہے ۔ 2003 ء میں سعودی کرکٹ بورڈ بنایا گیا۔ اس کے بعد آئی سی سی کے ساتھ منسلک ہو کر کرکٹ کو مزید فروغ دینے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔2003 ء میں سعودی عرب رینکنگ کے لحاظ سے 79 نمبر پر تھا ،آج14 سال کی بھرپور محنت کے بعد الحمدللہ آئی سی سی کی رینکنگ میں 39 ویں نمبر پر ہے ۔یہاں پر پاکستانی اور ہندوستانی کھلاڑیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے جو کہ انٹرنیشنل میچز بھی کھیلنے جاتی ہے۔ اس وقت سعودی عرب کی انڈرسیون ٹین، انڈر نائن ٹین اور اے ٹیم کے علاوہ نیشنل ٹیم میں بھی سعودی کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔ حال ہی میں کویت میں آئی سی سی کے کوالیفائی راؤنڈ کے میچز میں بھی 2سعودی کھلاڑی شامل تھے۔اس طرح سعودی عرب میں کرکٹ کا مستقبل تابناک ہے اور جلد ہی ہم مزید بہتری کی جانب گامزن ہونگے۔ ارکان اسپورٹس کے مارکٹنگ اینڈ سیلز منیجر اشفاق احمد بٹ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ارکان اسپورٹس کمپلیکس4 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے اور اس میں کرکٹ، فٹ بال، باسکٹ بال کیلئے6 کورٹس بنائے گئے ہیں ۔اس کمپلیکس کو تقریباً2سال کے عرصے میں تعمیر کیا گیا ہے۔کرکٹ کی پِچ کیلئے استعمال ہونے والی مصنوعی گراس آسٹریلیا اور انگلینڈ سے درآمد کی گئی ہے جبکہ دیگر کورٹس کے فیلڈ ایریا میں مقامی طور پر تیار شدہ گراس استعمال کی گئی ہے۔یہ عظیم پروجیکٹ 12 ملین ریال میں مکمل کیا گیا ہے۔ ارکان کرکٹ کمپلیکس میں500 شائقین کے بیٹھنے کی جگہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ آخر میں اِن ڈور گراؤنڈ میں سی او الدھبان نے بال کروا کر جبکہ ہندوستانی سفیر کی جانب سے کرکٹ بیٹ سے ہٹ لگا کر افتتاح کیا گیا۔