لندن .... ٹریڈ مارک کے معاملات کی دیکھ بھال کے حوالے سے مشہور برطانوی ادارے ہیزل ٹائن لیک نے اب پالتو جانوروں کیلئے بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی نوید دیدی ہے او رکہا ہے کہ اسکی تحقیقات کے مطابق پالتو جانوروں کیلئے خاص قسم کے دھوپ کے چشمے تیار ہونگے جو زیادہ تر کتوں کے کام آئیں گے جبکہ سانپوں بالخصوص اژدھوں کے گلے میں علامتی زنجیر ڈالی جائیگی جس سے اسکی ملکیت اور مالکانہ حقوق کا اندازہ لگایا جاسکے گا اور بلیوں کے تحفظ کیلئے بھی ایک خاص قسم کی چیزتیار کی گئی ہے۔ ان تمام چیزوں کا پیٹنٹ آئی بی ایم نے اپنے نام پر رجسٹرڈ کرالیا ہے ۔ واضح ہو کہ اس سے قبل یہی ادارہ بعض دوسرے اداروں کے تعاون سے کتوں کے سفر کے لئے ڈرونزبھی تیار کرچکا ہے اور ایسے حفاظتی پنکھے تیار کرچکا ہے جسے بلیوں کو آس پاس کے ریڈیائی اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے گا۔ جہاں تک چشمے کا تعلق ہے تو کتوں کے علاوہ دیگر چھوٹے جانور مثلاً خرگوش اور دیگر چھوٹے چوپائے بھی اسے استعمال کرسکیں گے۔ واضح ہو کہ ان تمام چیزو ںکے پیٹنٹ حاصل کرنے کیلئے درخواست 1998ءمیں نارتھ کیرولینا کے رہنے والے یولانڈا ریمیریز نے دائر کی تھی۔ مگر اس وقت لوگوں نے ان کی درخواست کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا تھا تاہم اب یہ تمام چیزیں ممکنات کی حدود میں شامل ہوگئی ہیں ۔ متذکرہ چیزوں کی تیاری میں انتہائی چھوٹے قسم کے کیمرے اور حساس سنسرز لگائے گئے ہیں جن کے ذریعے مالکان اپنے پالتو جانوروں کے رویئے۔ چلنے پھرنے کے انداز اور مزاج سب کا بخوبی اندازہ لگاسکیں گے۔ سنسرز کی مدد سے یہ کتے گیند پھینکنے او راٹھا کر لانے کا مقبول کھیل بھی ایک نئے انداز سے کھیل سکیں گے۔ ان تمام چیزوں کو استعمال کرنے والے جانور آس پاس کے شور اور ناقابل برداشت قسم کی آوازوں سے بھی محفوظ رہ سکیں گے۔