اکبر روڈ کومہاراناپرتاپ روڈ بنانے کی سازش
نئی دہلی- - -- - مغل شہنشاہ اورنگ زیب کے نام پر دہلی میں قائم شاہراہ کا نام تبدیل کرنے کے بعد مغل خاندان کے تیسرے حکمراں جلال الدین محمداکبرسے موسوم اکبر روڈ اب شرپسندوں کا ہدف بنا ہوا ہے۔دہلی کے دل کہے جانیوالے انڈیا گیٹ کے قریب سے گزرنے والی شاہراہ پراکبر روڈ کےسائن بورڈپرپیلے رنگ کا مہارانا پرتاپ سنگھ کا پوسٹر چسپاں کردیا گیا۔این ڈی ایم سی کے ترجمان مہیندر سہراوت نے بتایا کہ اکبر روڈ کا نام تبدیل کرنے کی ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ۔قبل ازیں ستمبر 2017 میں بھی اس روڑ کے سائن بورڈ پر ایک ہندونوازتنظیم کی طرف سے کالک لگائی گئی تھی، ساتھ ہی ایک پرچہ بھی چسپاں کیا گیا تھا جس پر اکبر روڈ کا نام مہارانا پرتاپ روڈ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھااس کارستانی کا الزام ہندو سینا کےکارکن وشنو گپتا پر عائد کیا گیا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پہنچ گئی اورروڈ سائن پر چسپاں پوسٹرہٹوایا۔ ہندونواز تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ مغل حکمرانوں سے موسوم سڑکیں اور مقامات ہندو راجاؤں اور شخصیات کے نام پرکی جائیں۔واضح ہوکہ 28اگست 2015کونئی دہلی میونسپل کارپوریشن نے اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کر کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ کر دیا ۔