امام الحق ٹیسٹ ڈبیو کیلئے تیار
ڈبلن: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر نوجوان بلے باز امام الحق آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈبیو کو یادگار بنانے کے خواہشمند ہیں۔ کیریئر کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری بنانے والے اوپنر امام الحق نے کہاکہ کو ئی بھی فارمیٹ ہو پہلی اننگز کا اضافی دباوضرور ہوتا ہے لیکن میں اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ نارتھمپٹن شائر کے خلا ف دونوں چار روزہ پریکٹس میچوں میں نصف سنچریاں بنانے والے امام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز ایشیائی ٹیموں کیلئے آسان نہیں ہوتیں،فٹنس کا بھی سخت امتحان ہوتاہے، ہم لاہور کے تربیتی کیمپ میں سخت ٹریننگ کے مراحل سے گزرے ہیں۔ انگلینڈ میں بھی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملا تاہم آئرلینڈ کیخلاف کامیابی کے ساتھ ٹور کا فاتحانہ آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کرکٹ کھیلتے ہوئے آرہے ہیںسب بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں نوجوان بلے باز نے کہا کہ الزامات سے اجتناب کریں ، اقربا پروری کو کبھی بھی پسند نہیں کیا اور میں کسی کا حق مار کر آگے نہیں آیا۔نوجوانوں کو موقع ملے گا تو وہ کارکردگی دکھا سکیں گے۔