کرناٹک میں کانگریس کو الوداع کہنے کا وقت آگیا ، مودی
حیدرآباد۔۔۔۔۔ وزیراعظم نریندری مودی نے کرناٹک اسمبلی کی انتخابی مہم میں بیدر میں اپنے آخری خطاب میں اس امید کا اظہار کیا کہ کرناٹک میں اس مرتبہ کنول کا پھول کھلے گا ۔ کانگریس کا وجود ختم ہو جائیگا ۔ کانگریس آخری نمبر پر چلی جائیگی ۔ کانگریس کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس کام کم اور شکایتیں زیادہ کرتی ہے ۔ کانگریس کے لوگ 15مئی کے بعد ای وی ایم مشینوں میں بگاڑ کی شکایات کرتے ہوئے نظر آئیں گے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس مرتبہ بی جے پی کو سب سے زیادہ ووٹ نوجوان دیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیدر میں پینے کے پانی کیلئے عوام ترس رہے ہیں ۔ پھر بھی کانگریس عوامی ہمدردی کی باتیں کرتی ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ کرناٹک میں اب کانگریس کو الوداع کہنے کا وقت آگیا ۔ کرناٹک کے عوام کانگریس کے اقتدار سے بیزار آگئے ۔ یہاں عوام کی سننے والا کوئی ہے ہی نہیں ۔ 12مئی کو عوام بی جے پی کے حق میں ووٹ دیں گے ۔ نتائج سامنے آئیں گے تو دیگر ریاستوں کی طرح کرناٹک سے کانگریس کا وجوود ختم ہو جائیگا ۔ کرناٹک کانگریس سے پاک ریاست ہو جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے مجھے اتنا پیار دیا ہے کہ 45ڈگری درجہ حرارت ہونے کے باوجود کھلے میدان میں انہوں نے 2گھنٹے تک میرا انتظار کیا ۔ میں اس پیار و محبت کو کبھی نہیں بھول سکتا ۔