Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ کیلئے پاکستانی ویمنز ٹیم کا اعلان

 

 
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملائیشیا میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کیلئے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔ حیرت انگیز طور پر جویریہ رؤف 4سا ل اور نین عابدی ایک سال بعد ٹیم میں واپس آگئی ہیں۔ سلیکٹرز نے دونوں کرکٹرز کا انتخاب انٹر ڈپارٹمنٹل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی پر کیا ۔ جویریہ رؤف نے جنوری 2014 ء میں آئرلینڈ کیخلاف آخری میچ کھیلا تھا جبکہ نین عابدی نے گزشتہ سال جولائی میں سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم میں نمائندگی کی تھی۔6 ملکی ویمنز ایشیا کپ 3 سے 10 جون تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان، ہند، سری لنکا، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور ملائیشیا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جلال الدین نے ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے اسکواڈ کو متوازن قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ سابق کپتان ثنا ء میر کی فٹنس معیار سے کمتر اور دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں کم ہے لیکن اس وقت ہمارے پاس ثنا ء میر کا کوئی متبادل نہیں۔جلال الدین نے کہا کہ ثنا ء میر سینئر کھلاڑی ہیں اور کپتان بسمہ معروف کے ساتھ ان کی اچھی ہم آہنگی ہے جو ٹیم کے لئے فائدہ مند ہوگی ۔انہوں نے روایتی حریف ہندکے خلاف میچ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ میں بڑا میچ ہندسے ہی ہے اور ہم میچ کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ جیت سکیں۔چیف سلیکٹر نے ویمنز کرکٹرز کی فٹنس کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ان کی فٹنس پر کام کرنا ہوگا ۔پاکستانی اسکواڈ میں بسمہ معروف(کپتان)، جویریہ ودود، ثنا میر، ندا راشد، نین عابدی، منیبہ علی صدیقی، بی بی ناہیدا، جویریہ رؤف، عمائمہ سہیل، سدرا نواز، کائنات امتیاز، نشرا سندھو، انعم امین، نتالیہ پرویز اور ڈیانا بیگ شامل ہیں۔

شیئر: