میڈرڈ اوپن میں بڑا اپ سیٹ، رافیل نڈال باہر
میڈرڈ: ہسپانوی دارالحکومت میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں بڑے اپ سیٹس کے بعد مینز سنگلز اور ویمنز سنگلز کے عالمی نمبر ون کھلاڑی رافیل نڈال اور دفاعی چیمپیئن سیمونا ہیلپ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ سابق عالمی نمبر ون اور ٹورنامنٹ کی ایک اور سابق چیمپیئن ماریا شارا اپووا کا بھی میڈرڈ اوپن میں سفر تمام ہوگیا۔ان تینوں کو کوارٹر فائنلز میں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ عالمی نمبر اسپین کے رافیل نڈال کی کلے کورٹ پر مسلسل21 کامیابیوں کے بعد ایک سال کے عرصے میں پہلی ناکامی بھی ہے۔ رافیل نڈال نے گزشتہ روز ہی کلے کورٹ پر مسلسل50سیٹس جیت کر34سالہ ریکارڈ توڑا تھا لیکن انہیں اگلے ہی میچ میں اسی کھلاڑی کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں شکست ہو گئی جس نے ایک سال پہلے آخری مرتبہ نڈال کو ہرایا تھا ۔آسٹریا کے ڈومینک تھائم نے عالمی نمبر ون کو 7-5،6-3سے شکست دی۔ اس ناکامی سے ان کی نمبر ون پوزیشن بھی چھن گئی اور سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر اس سیزن میں کھیلے بغیرنمبر ون ہو گئے لیکن آئندہ ہفتے ہونے والے اٹالین اوپن میں کامیابی انہیں پھر نمبر ون بنا سکتی ہے کیونکہ راجر فیڈرر 24مارچ کے بعد سے کوئی میچ یا ٹورنامنٹ نہیں کھیلے اور نڈال کو ان پر پوائنٹس کے حوالے سے برتری حاصل ہو جائے گی۔ادھر خواتین کے مقابلوں میں بھی بڑی اسٹارز کے باہر ہونے کے بعد صرف ایک سیڈڈ کھلاڑی کیرولینا پلسکو وا باقی بچی ہیں جنہوں نے عالمی نمبر ون رومانیہ کی سیمونا ہیلپ کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کیا جو 2016 اور 2017 کی چیمپیئن تھیں اور مسلسل تیسری مرتبہ ٹائٹل کی امیدوار تھیں۔روسی ٹینس اسٹار ماریا شارا پووا کو ہالینڈز کی کیکی بیرٹینز کے ہاتھوں شکست سے دو چار ہونا پڑا ۔ کیرولین ووزنیاکی، گاربین موگا روزا ، الینا سویٹولینا اور جیلینا اوستاپینکو جیسی پلیئرز پہلے ہی ناکام ہوکر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔ شارا پووا اور سیمونا کے باہر ہونے سے اب پلسکو وا، پیٹرا کو یٹو وا، ڈاریا کا سا ٹکینا اور کیرولینا گارشیا کے لئے ٹورنامنٹ اوپن کردیا ہے ۔