تھابا زیمبی ، جنوبی افریقہ.... یہاں قریبی وائلڈ لائف پارک میں ایک عجیب و غریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص جو وائلڈ لائف پارک کا مالک بتایا جاتا ہے غلطی سے شیروں کے حصے میں گھس گیا اور وہیں ایک شیر کے ہتھے چڑھ گیا۔ صورتحال دیکھ کر موقع پر موجود افراد کی چیخیں نکل گئیں۔ مائیک ہوج نامی شخص بھی چیخ پکار کرتا رہا مگر شیر نے 90سیکنڈ کی واردات میں اسکی حالت بگاڑ کر رکھ دی۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مائیک ہوج کا کہناہے کہ شیر کے حملے سے وہ صرف اس وقت بچے جب کسی نے شیر کی جانب فائرنگ کی اور شیر نے انہیں چھوڑ دیا تاہم انکی گردن اور ہاتھوں پر زخم آئے ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق یہ اندازہ ہورہا ہے کہ حملہ کرنے والے شیر کو گولی مار دی گئی ہے مگر اسکی تصدیق نہیں ہوسکی۔ واضح ہو کہ مائیک ہوج67سال کے ہیں اور اب اسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم اس واقعہ کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے وہ دل دہلادینے کیلئے کافی ہے۔ مقامی اخبار دی سن کا کہناہے کہ مائیک ہوج کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے۔