Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رب کریم کی زمین پر اسکے نظام کا نفاذ ہی ایم ایم اے کا منشور ہے ، حافظ ذاکر جذبی

 جے یو آئی پاکستان میں مکمل اسلامی نظام کی خواہاں ہے ، مولانا حمد اللہ عثمانی کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے شرکاءکا اظہار خیال
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) متحدہ مجلس عمل پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ اور وقت کی اشد ضرورت ہے ۔ 70 برس سے سیکیولر جماعتوں نے وطن عزیز کا جو حال کیا ہے وہ ہر ایک کے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ اب پاکستان کی بقاء اور سلامتی کےلئے دینی اتحاد کو برسراقتدار لایاجائے تاکہ پاکستان کے قیام کا حقیقی مقصد حاصل کیا جاسکے ۔ جمعیت علماءاسلام سعودی عرب کے مرکزی امیر مولانا حمد اللہ عثمانی کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے جے یو آئی سعودی عرب کے سیکریٹری جنرل حافظ ذاکر جذبی نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کےلئے ایسی قیادت کا انتخاب کیا جائے جو ذاتی مفاد کے بجائے قومی مفاد کو مقدم رکھے ۔ایم ایم اے کا منشور رب کی زمین پر اسکے نظام کا نفاذ ہے اور وہ اسی صورت ممکن ہو گا جب ہم ریاست مدینہ کو حکومت کا ماڈل بناتے ہوئے اپنے قومی معاملات نبھائیں ۔ مولانا حمد اللہ عثمانی کی خدمات کو ہم کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔ انہو ںنے ہمیشہ نظریے کی حفاظت کی ذاتی تشہیر نہیں بلکہ جماعت کے مقصد کو پروان چڑھایا ۔ صدر محفل مولانا حمد اللہ عثمانی نے اپنے خطاب میں کہا مملکت میں گزرے ماہ و سال مجھے تاحیات یاد رہیں گے ۔ اس بات کا یقین ہے کہ میرے وطن جانے کے بعدتمام ساتھی مثالی خلوص و اعتماد کے ساتھ جماعت کی خیرخواہی کے لئے کام جاری رکھیں گے ۔میں تمام ساتھیوں کا شکر گزار ہوں کہ انہو ںنے انتہائی خلوص و محبت کے ساتھ ہمیشہ میرا ساتھ دیا ۔ قبل ازیں مولانا عزیز الرحمان درانی نے مولانا حمد اللہ عثمانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ معاملہ فہم اور جماعت سے انتہائی اخلاص رکھتے ہیں ۔ تنظیمی معاملات میں عثمانی نے ہمیشہ مثالی کارکردگی کا مظاہر ہ کیا ۔ کامران اعظم نے کہا مولانا حمد اللہ عثمانی کا شمار مملکت میں جے یو آئی کے بانیوں میں ہوتا ہے ۔ 70 کی دہائی میں جب بحری جہازوں سے عازمین حج جدہ آتے تھے تو مولانا حمد اللہ عثمانی اپنے ساتھیوں کے ساتھ ضیوف الرحمان کی خدمت میں پیش پیش رہا کرتے تھے ۔ گزشتہ برس خیبر پختونخوا میں جمعیت کے صدسالہ اجتماع کی مثالی کامیابی میں مولانا حمد اللہ عثمانی کی کارکردگی مثالی رہی۔ مولانا عزیز الرحمان اور مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ اگرچہ مولانا حمد اللہ عثمانی مستقل طور پر پاکستان منتقل ہو رہے ہیں مگر ہمارے دلوں سے دور نہیں ہو نگے ۔ انکی خدمات مشعل راہ اور انکا انداز فکر ہمارے لئے باعث تقویت رہے گا ۔مفتی اسماعیل بٹگرامی نے کہا جمعیت علمائے اسلام کی کامیابی ہے۔ انہوں نے مولانا حمد اللہ جیسے مثالی افراد کی شخصیت سازی کی ۔ ہمیں اس بات کا افسوس تو ہے کہ آج ہم مولانا حمداللہ کی رفاقت سے محروم ہو رہے ہیں تاہم انکی کامیابی و کامرانی کے لئے ہمیشہ دعاگورہیں گے ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض انجینئر عبدالصبور نے ادا کئے ۔ تقریب کے اختتام پر تنظیم کی جانب سے مولانا حمد اللہ عثمانی کو انکی مثالی خدمات پر شیلڈ دی گئی ۔ جے یو آئی جدہ کی جانب سے نمایاں صحافیو ںکو بھی کمیونٹی کی خدمت پر شیلڈ دی گئی۔ تقریب کا اختتام دعا پر کیا گیا ۔

شیئر: