جکارتا۔۔۔ انڈونیشیا کے شہر سورابایا کے 3 گرجا گھروں میں خودکش حملوں کے نتیجے میں11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔انڈونیشیا کے دوسرے سب سے بڑے شہر سورابایا میں داعش سے متاثر خودکش حملہ آوروں نے مختلف مقامات پر چند منٹوں کے وقفے سے 3 گرجا گھروں کو نشانہ بنایا جس کے باعث ابتدائی اطلاعات کے مطابق 8 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ ز خمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے اور تینوں دھماکوں میں 10 منٹ کا وقفہ تھا جبکہ دھماکوں کے بعد شہر کے تمام گرجا گھروں کو بند کردیا گیا ہے۔حملہ آوروں نے پہلے دھماکے میں سینتا ماریا رومن کیتھولک چرچ کو صبح ساڑھے 7بجے نشانہ بنایا جس کے بعد دوسرے مقام پر جی پی پی ایس پینٹی کونٹل چرچ پر حملہ ہوا۔ایسٹ جاوا پولیس کے ترجمان فرانس برنگ منگیرا کا کہنا ہے کہ تینوں حملوں میں مجموعی پر 35 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب انڈونیشیا کے خفیہ ادارے نے تصدیق کی ہے کہ خودکش حملوں میں داعش کی ذیلی تنظیم جمع انشورت دولہ ( جے اے ڈی) ملوث ہے۔