تاریخی ٹیسٹ : پاکستانی ٹیم جیت کی ڈگر پر
ڈ بلن:محمد عباس، شاداب خان اور محمد عامر کی عمدہ اور تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے تاریخ کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی آئرلینڈ کی ٹیم کو 130 رنز پرروک لگا کر فالو آن پر مجبور کرکے جیت کی ڈگر پر چلنے کا بندوبست کرلیا۔ آئر لینڈ کے اوپنرز نے دوسری اننگز میں 64 رنز بنالئے تاہم پہلی اننگز کا خسارا پورا کرنے کیلئے مزید 116رنز کی ضرورت ہے ۔ وپنرز ایڈ جوائس 39 اور ولیم پورٹر فیلڈ 23 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔ تاریخی ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے /6 268 رنز کی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو 52 رنز پر ناٹ آوٹ شاداب خان صرف 3 رنز کا اضافہ کر کے 55 پر پویلین لوٹ گئے۔ ٹیسٹ ڈیبو کرنے والے فہیم اشرف نے ٹیم کا اسکور 300 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بدقسمتی سے وہ اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے سے محروم رہے اور 83 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 310 رنز 9 کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلیئر کردی ۔ آئرلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی اننگز کسی ڈراونے خواب سے کم نہ تھی ۔ 7 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔اس تباہی میں محمد عباس پیش پیش تھے جنہوں نے ایڈ جوائس، اینڈی بلبرنی اور نیل اوبرائن کو وکٹ پر رکنے نہ دیا ۔ کپتان ولیم پورٹرفیلڈ کی وکٹ محمد عامر نے اڑا دی ۔ مڈل آرڈر کیون اوبرائن اور پال اسٹرلنگ نے وکٹیں گرنے کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے روک کر 29 رنز کی شراکت قائم کی لیکن فہیم اشرف نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پہلے اوور کی تیسری گیند پر 17 رنز بنانے والے اسٹرلنگ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔کپتان سرفراز احمد نے جلد ہی شاداب خان کو گیند دی جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے دوسرے ہی اوور میں یکے بعد دیگرے اسٹورٹ تھامسن اور ٹاون کین کو آوٹ کر کے آئرلینڈ کے لئے فالو آن کا خطرہ پیدا کردیا۔ آئرلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب محمد عامر نے کیون اوبرائن کو آوٹ کردیا جو اچھی فارم میں نظر آ رہے تھے لیکن ان کی اننگز بھی 40 رنز تک محدود رہی۔ 73 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد آئرلینڈ کی سنچری بھی مکمل ہوتی نظر نہیں آ رہی تھی لیکن ٹیل اینڈرز پاکستانی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے۔ گیری ولسن نے بوائڈ رینکن کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ۔ اس موقع پر محمد عباس نے رینکن کو آوٹ کر کے اس مزاحمت کا بھی خاتمہ کردیا۔ پاکستان کو آخری وکٹ کے حصول کے لئے کچھ انتظار کرنا پڑا ۔ ولسن نے ٹم مرتاغ کے ساتھ مزید 23 رنز بنا کر اسکور 130 تک پہنچا دیا اور اسی اسکور پر شاداب خان نے مرتاغ کو آوٹ کر کے آئرش ٹیم کی تاریخی اننگز کو فالو آن کر دیا۔ ولسن 33 رنز پر ناٹ آوٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ شاداب خان نے 3 اور عامر نے 2 وکٹیں لیں۔ ایک وکٹ فہیم اشرف نے حاصل کی۔