آئرلینڈ ٹیسٹ :پاکستانی ٹیم کاشاندار کم بیک
ڈبلن:تاریخی ٹیسٹ کے آغاز میں ہی آئرلینڈ نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم کو مشکلات سے دوچار کیا تاہم شاداب خان اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔بارش کے باعث پہلا دن مکمل طور پر متاثر ہونے کے بعد دوسرے دن ڈبلن ٹیسٹ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کرپاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔یہ فیصلہ ابتدائی طور پر درست ثابت ہوا جب تجربہ کار بلے باز اظہرعلی 4 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے جس کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے امام الحق بھی 7 رنز بنا کر13کے مجموعی اسکور پر ایل بی ڈبلیوآوٹ ہو گئے۔حارث سہیل اور اسد شفیق نے اسکور 71 رنز تک پہنچایا لیکن آئرلینڈ کے تھامپسن نے 31 رنز پر کھیلنے والے حارث سہیل کو آوٹ کرکے اس شراکت کو ختم کردیا ۔اسد شفیق کا ساتھ دینے کیلئے بابراعظم آئے لیکن وہ بھی ناکام نظر آئے اور 14 رنز بناسکے اس وقت مجموعی اسکور 104 تھا۔کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق نے پانچویں وکٹ میں 49 رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد آئرلینڈ کے تجربہ کار بولر ولیم رینکن نے اسد شفیق کو 62 رنز پرآوٹ کردیا، یہ پانچویں بلے باز تھے جس کے بعد سرفراز احمد بھی 20 رنز بنا کر تھامپسن کا شکار بنے۔اب تمام ذمہ داری نوجوان آل راونڈر شاداب خان اور فہیم اشرف کے کاندھوں پر آگئی جسے انھوں نے بہتر انداز میں نبھایا اور چائے کے وقفے تک ٹیم کے اسکور کو /6 193 تک پہنچا دیا۔ وقفے کے بعدفہیم اشرف نے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ شاداب خان ذمہ داری سے ساتھ دیتے رہے، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔اختتام تک پاکستان نے 6 وکٹوں پر 268 رنز بنا لئے جس میں ٹیسٹ ڈیبو کرنے والے فہیم اشرف 61 اور شاداب خان 52 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔قبل ازیں ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنا میرے اور میری ٹیم کیلئے اعزاز کی بات ہے۔